Category:

کرائم کی خبریں

جہلم : مزدوری مانگنے پر محنت کش پر تشدد اور بال کاٹ کر تضحیک کرنے والے 2 ملزمان گرفتار

Metro53 - جہلم ) ویب ڈیسک )مزدوری مانگنے پر محنت کش کو تشدد کا نشانہ بنانے اور بال کاٹ کر تضحیک کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میں مزدوری کا مطالبہ کرنے پر ایک غریب محنت کش کو تشدد کا نشانہ بنانے، اس کے سر کے بال، مونچھیں اور داڑھی کاٹ کر تضحیک کرنے والے دو ملزمان کو جہلم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق متاثرہ محنت کش کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم شفیق احمد چوہدری نے سخت نوٹس لیا اور متعلقہ پولیس افسران کو فوری قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کی۔

ڈی پی او کی ہدایات پر تھانہ صدر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور جدید تفتیشی طریقہ کار کے ذریعے ملزمان کو ٹریس کرکے قلیل وقت میں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ جہلم پولیس شہریوں کے جان و مال، عزت اور وقار کے تحفظ کے لیے ہر وقت متحرک ہے اور کسی بھی شہری کے ساتھ ظلم، تشدد، تذلیل یا قانون کو ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور متاثرہ شخص کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں