Metro53 - جہلم(ویب ڈیسک )حالیہ بارشوں کی پیشگوئی کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اہم ہنگامی اقدامات اٹھاتے ہوئے ضلع بھر کے تمام ندی نالوں، نہروں اور آبی گزرگاہوں میں نہانے، تیراکی کرنے اور پانی کے تیز ریلوں کو عبور کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
یہ احکامات ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر جاری کیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال کے باعث اچانک طغیانی اور سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر کسی بھی قسم کی غفلت انسانی جانوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہریوں، بالخصوص نوجوانوں اور بچوں کے والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری طور پر آبی مقامات کا رخ نہ کریں۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے کنٹرول رومز بھی فعال کر دیے ہیں جہاں شہری فوری طور پر رابطہ کر سکتے ہیں:
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اور اپنے پیاروں کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے حکومتی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔