Metro53 - اسلام آباد ( ویب ڈیسک) پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں عارف حبیب کنسورشیم نے قومی ایئرلائن کے تمام شیئرز حاصل کر لیے ہیں۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق کنسورشیم نے بقیہ 25 فیصد حصص کے لیے 45 ارب روپے جمع کرا دیے ہیں، جس کے بعد وہ پی آئی اے کا 100 فیصد مالک بن گیا ہے۔
کنسورشیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ معاہدے کے تحت 45 ارب روپے کی بینک گارنٹی بھی جمع کرا دی گئی ہے۔ اس سے قبل کنسورشیم 75 فیصد حصص 135 ارب روپے میں خرید چکا تھا، اور اب مکمل ملکیت حاصل کر لی گئی ہے۔ امکان ہے کہ مئی میں کنسورشیم پی آئی اے کا باقاعدہ کنٹرول سنبھال لے گا۔
یہ کنسورشیم فوجی فرٹیلائزرز، لیک سٹی، فاطمہ گروپ، عارف حبیب لمیٹڈ، سٹی اسکول اور اے کے ڈی جیسے اداروں پر مشتمل ہے۔
حکومت نے نجکاری معاہدے کے تحت کنسورشیم کو باقی 25 فیصد حصص خریدنے کا اختیار دیا تھا، جس کے تحت اب لیٹر آف کریڈٹ، اسٹینڈ بائی ایل سی اور بینک گارنٹی نجکاری کمیشن کے حوالے کر دی گئی ہے۔
عارف حبیب کا کہنا ہے کہ وہ پی آئی اے کا کنٹرول سنبھالنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، اور مقررہ آخری تاریخ 28 اپریل سے قبل ہی باقی شیئرز کے لیے اپنی پیشکش جمع کرا دی گئی ہے۔