اسلام آباد:13 سالہ لڑکی کی تشدد سے موت، پولیس افسر کی اہلیہ اور قاری کا جسمانی ریمانڈ منظور

15 گھنٹے قبل -
اسلام آباد:13 سالہ لڑکی کی تشدد سے موت، پولیس افسر کی اہلیہ اور قاری کا جسمانی ریمانڈ منظور
Metro53

Metro53 - اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 13 سالہ لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کرنے کے الزام میں سینیئر پولیس افسر کی اہلیہ اور ان کے گھر میں بچوں کو ٹیوشن دینے والے قاری کو گرفتار کر کے عدالت پیش کر دیا گیا۔

دنیا نیوز کے مطابق پولیس کا کہناہے کہ لڑکی کی لاش پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز کی سرکاری رہائش گاہ سے برآمد ہوئی جہاں وہ سینیئر پولیس افسر کی اہلیہ کے پاس بطور گھریلو ملازمہ کام کر رہی تھی۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ افسر گوجرانوالہ میں بطور ڈائریکٹر فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) تعینات ہیں جبکہ ان کی بیوی اس کم سن گھریلو ملازمہ کو عرصہ دارز سے تشدد کا نشانہ بنا رہی تھی۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ افسر کی بیوی نے چند روز پہلے ملازمہ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ اس دوران گھر پڑھانے کے لیے آنے والے قاری نے بھی بچی پر تشدد کیا۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی انویسٹیگیشن کی سربراہی میں کمیٹی واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کر رہی ہے۔
گرفتار افسر کی اہلیہ اور قاری کو آج جوڈیشل مجسٹریٹ نائمہ عفت کی عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس پر عدالت نے ملزمان کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
لڑکی کے قتل کا مقدمہ تھانہ شمس کالونی میں ان کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمے کے متن کے مطابق والد کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی ان کے قریبی رشتہ داروں کے ہمراہ پولیس لائن H-11 اسلام آباد میں رہائش پذیر تھی اور مدرسے میں حفظِ قرآن کی تعلیم حاصل کر رہی تھی، تاہم مقدمے میں ان قریبی رشتہ داروں‘ کا تعارف یا ان کے ساتھ لڑکی کے ’قریبی‘ رشتے کی وضاحت نہیں کی گئی۔

والد کے مطابق گزشتہ روز انہیں اطلاع موصول ہوئی کہ میری بیٹی کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی ہے جسے علاج معالجہ کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی اور اس کی موت واقع ہو گئی۔“
مقدمے کے متن کے مطابق لاش دیکھنے پر لڑکی کے والد نے جسم پر تشدد کے نشانات پائے۔
انہوں ںے پولیس سے استدعا کی میری بیٹی کے قتل کی وجوہات معلوم کی جائیں اور ملزمان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے، تاہم مقدمے میں کسی پر شک کیا گیا اور نہ کسی کو نامزد کیا گیا۔
اگرچہ ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولہ پولیس لائنز میں سرکاری افسر کی اہلیہ کے پاس گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کر رہی تھی تاہم والد کی جانب سے درج کرائے گئے مقدمے میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ وہ سرکاری رہائش گاہ پر قریبی رشہ داروں کے ہاں کس حیثیت میں رہ رہی تھی۔

شیئر کریں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں