Metro53 - گجرات (ویب ڈیسک) گجرات میں تھانہ دولت نگر کے نواحی گاؤں برسا میںنوڈلز کھانے سے 20 سالہ لڑکی ثانیہ بی بی کی موت کے واقعے کا ڈراپ سین ہوگیا۔
نجی ٹی وی چینل ’’ اے آر وائی نیوز‘‘ کے مطابق مقتولہ کی سگی بہن سلمہ بی بی ہی اپنے دوست نزاکت علی کے ساتھ مل کر قاتل نکلی۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے دونوں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمہ نے دوست سے تعلقات ختم کرنے اور والدین کو بتانے کے خدشے پر ثانیہ بی بی کو راستے سے ہٹایا، سلمہ بی بی اور نزاکت علی نے نوڈلز میں زہریلی گولیاں ملا کر مقتولہ کو کھلائیں، زہر سے قوت مدافعت کم ہونے پر ملزمان نے مل کر ثانیہ بی بی کا گلا دبا دیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمہ نے واردات کو حادثاتی رنگ دینے کےلیے خود بھی تھوڑی مقدار میں نوڈلز کھائے۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کے والد رفاقت علی کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، جبکہ ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ 17 نومبر 2026 کو برسا کی رہائشی دو بہنوں کی نوڈلز کھانے سے حالت بگڑنے کی خبر سامنے آئی تھی۔ ڈی پی اوگجرات فیصل شہزاد کے نوٹس پر تھانہ دولت نگر پولیس نے جدید ذرائع سے ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتارکرلیا۔