Metro53 - گجرات (اسپیشل رپورٹر): گجرات کے نواحی علاقے گلیانہ میں شہری پر تشدد کے ہائی پروفائل واقعے میں پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 2 مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی پی او گجرات سید فیصل شہزاد کے فوری نوٹس پر تھانہ گلیانہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان جنید اور کفیل کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
ڈی پی او گجرات کا فوری نوٹس اور پولیس ٹیم کی تشکیل
ترجمان گجرات پولیس کے مطابق، تھانہ گلیانہ کی حدود میں چند روز قبل پیش آنے والے تشدد کے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد ڈی پی او گجرات نے واقعے کا سخت نوٹس لیا تھا۔ انہوں نے ایس پی انویسٹی گیشن اور متعلقہ سرکل ڈی ایس پی کو ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے خصوصی ٹاسک سونپا تھا۔ پولیس کی تفتیشی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے چھاپہ مار کر دونوں مرکزی ملزمان کو قابو کیا۔
دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد اور معاونت کرنے والے دیگر مفرور ملزمان کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے، جن کی گرفتاری کے لیے مختلف مشتبہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور بہت جلد تمام ملوث افراد سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔
"قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں" — ڈی پی او فیصل شہزاد
ڈی پی او گجرات سید فیصل شہزاد نے اس موقع پر دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ضلع گجرات میں غنڈہ گردی، لاقانونیت اور شہریوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور قانون کو ہاتھ میں لینے والے عناصر کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔