کھیل
Metro53 - پشاور(ویب ڈیسک ) پشاور میں نئے تیار کردہ عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں سیلاب زدگان کی امداد کیلئے نمائشی میچ کی تمام تیاریاں مکمل ۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت کابینہ ارکان نے 50، 50 ہزار روپے کے ٹکٹ خرید لیے۔
خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے چیریٹی میچ پشاور زلمی اور لیجنڈرز الیون کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میچ دن ایک بجے شروع ہوگا۔ہفتے کے روز ہونے والے چیریٹی میچ میں شاہد آفریدی، یونس خان، بابراعظم، کامران اکمل ،عبدالرزاق، عمران نزیر سمیت دیگر اسٹارزاپنا جلوہ دکھائیں گے۔پشاور کا عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم آٹھ سال تک تزئین و آرائش کا کام جاری رہنے کے بعد میچز کی میزبانی کے لیے تیار ہوگیا۔
17 ہزار سے زائد تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش والے اسٹیڈیم میں عام تماشائیوں کے لیے ایک ہزار روپے کا ٹکٹ رکھا گیا ہے۔وی وی آئی پیز کے لیے الگ سے انکلوژر بنایا گیا ہے جس کا ٹکٹ 50 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ وی آئی پیز کے لیے ٹکٹ کی قیمت 10 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔میچ سے حاصل ہونے والے آمدنی سیلاب زدگان میں تقسیم کی جائے گی۔