Metro53 - لاہور (اسٹاف رپورٹر) — پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ فلم اینڈ براڈکاسٹنگ میں نمائش منعقد ہوئی ،جس میں طلبہ نے ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ کورس کے تحت اپنے فائنل بزنس پراجیکٹس پیش کیے۔
شعبے کی جانب سے اس نمائش کا اہتمام چار ماہ پر مشتمل کورس کے دوران طلبہ کے تیار کردہ کاروباری منصوبوں کو پیش کرنے کے لیے کیا گیا۔ اس پروگرام کے دوران طلبہ نے مختلف آئیڈیاز پر کام کیا اور انہیں عملی شکل دیتے ہوئے مصنوعات تیار کیں، مارکیٹنگ حکمت عملیاں بنائیں اور آمدن بھی حاصل کی۔
تقریب میں چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ینگ انٹرپرینیورز کمیٹی کے ممبرز، رامین سہیل خان، نوال ندیم، ارباز نسیم اور علی احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔
مہمانوں نے فرخ وڑائچ کے ہمراہ مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور طلبہ سے ان کے کاروبار کی نوعیت، فروخت کی حکمت عملیوں اور مالی کارکردگی کے حوالے سے گفتگو کی۔
ہر گروپ نے اپنے منصوبے کو عملی انداز میں پیش کیا، جس میں نہ صرف تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار نظر آیا بلکہ ڈیجیٹل کاروباری مہارتوں کی بہتر سمجھ بھی سامنے آئی۔ طلبہ کی کاوشوں میں جدت اور پیشہ ورانہ انداز نمایاں تھا۔
مہمانوں نے طلبہ کی محنت اور صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کے اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔تقریب کا اختتام اساتذہ، مہمانوں اور طلبہ کی مشترکہ گروپ تصویر کے ساتھ ہوا، جو اس کامیاب نمائش کی یادگار بنی۔