Metro53 - لاہور ( ویب ڈیسک) مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب نے عوام کی سہولت کے لیے ’’میت منتقلی سروس‘‘ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد مرحومین کی باعزت انداز میں گھر تک منتقلی کو یقینی بنانا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں یہ سروس لاہور، ملتان اور راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں میں فراہم کی جائے گی، جہاں سے میت کو بلا معاوضہ گھر منتقل کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق جون تک اس سروس کا دائرہ کار مرحلہ وار بڑھاتے ہوئے پنجاب کی ہر تحصیل تک پھیلا دیا جائے گا۔
حکومت کی جانب سے ہر تحصیل میں ’’Deceased Care Service‘‘ کے تحت میت کی منتقلی کے لیے خصوصی ایمبولینس فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور، راولپنڈی اور ملتان کے لیے گاڑیوں کی چابیاں بھی متعلقہ حکام کے حوالے کر دیں۔
اس سروس سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے شہری ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر کال کر سکتے ہیں، جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں 24 گھنٹے تربیت یافتہ، یونیفارم میں ملبوس ڈرائیورز اس سہولت کے لیے دستیاب ہوں گے۔
حکومتی ترجمان کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوام کو مشکل گھڑی میں سہولت فراہم کرنا اور مرحومین کے ساتھ باوقار برتاؤ کو یقینی بنانا ہے۔