Metro53 - گجرات (مرزاعادل سے) تھانہ صدر کھاریاں کے علاقے میں نجی تقریب کے دوران اسٹیج ڈانسر کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے، نقدی اور موبائل فونز چھیننے اور اجتماعی زیادتی کا شکار بنانے کا لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے متاثرہ ڈانسر کی مدعیت میں 7 نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے باضابطہ تفتیش شروع کر دی ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعیہ رُمشا عنایت دختر عنایت علی نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایک نجی تقریب میں ڈانس پرفارمنس دینے کے لیے کھاریاں آئی تھی۔ الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے رات بھر پرفارمنس کروانے کے بعد زبردستی 80 ہزار روپے نقدی اور قیمتی موبائل فونز چھین لیے۔
متاثرہ خاتون نے مزید الزام عائد کیا کہ ملزمان نے اسے بے دردی سے تشدد کا نشانہ بنایا، جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور اس کے بعد مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہیلپ لائن 15 پر موصول ہونے والی ہنگامی کال اور متاثرہ خاتون کی تحریری درخواست پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمے میں علی اسامہ، اصام علی، شاہزیب، زین علی، اسامہ منیر، ملک ناصر اور ملک آصف کو نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ قانون کے مطابق تمام شواہد اور طبی معائنے کی روشنی میں کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔