Metro53 - گجرات (ویب ڈیسک) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے گجرات میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران حکومت، ن لیگ اور مخالفین پر شدید الفاظ میں تنقید کی۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب اورصدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی نے خطاب میں موجودہ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہااگرفنڈز نہ روکے جاتے تو گجرات نہ ڈوبتا،اگر میری ساڑھے پانچ ماہ کی حکومت کے فنڈز نہ روکے جاتے تو آج گجرات سیلاب کی تباہ کاریوں سے تباہ نہ ہوتا۔ ن لیگ کے منصوبوں میں نہ برکت ہے نہ نیت ہے۔ ہمارے مخالفین صرف دعوے کرتے ہیں، ہم نے عملی کام کر کے دکھایا،ہمارے مخالفین مارے مارے پھر رہے ہیں کہ گجرات کے لیے کوئی پیکج لے آئیں، ہم ان کو یہاں سے پیک کر کے بھیجیں گے۔ ہم نے ان لوگوں کو اسپتال پہنچایا جنہیں ان کے اپنے بھی نہیں اٹھاتے تھے۔
سیکریٹری خارجہ پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ گجرات میں خطاب کرتے ہوئے کہا، پاکستان تحریک انصاف مکمل طور پر چوہدری پرویز الٰہی کے ساتھ کھڑی ہے اور آنے والے الیکشن میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گی۔اڈیالہ جیل سے عمران خان کا خصوصی پیغام لے کر آیا ہوں، خان صاحب جیل میں اس لیے بیٹھے ہیں کہ وہ عوام کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ،ہمارے عوام دوست منصوبوں کو موجودہ حکومت نے فنڈز روک کر اور خرد برد کر کے بند کیا۔ لیکن عوام جانتی ہے کہ کون ان کے ساتھ کھڑا ہے۔عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ اس مشکل وقت میں پی ٹی آئی کے تمام کارکن عوام کے ساتھ کھڑے ہوں، ان کے مسائل سنیں اور ان کا دکھ بانٹیں۔