Metro53 - گجرات (مرزا عامر بیگ سے)گجرات شہر سیلابی صورتحال سے بدستور متاثر ہے، اور آج نویں روز بھی نکاسی آب کا کام مکمل نہیں ہو سکا۔شہر کی اہم شاہراہیں اور تجارتی مراکز، جن میں کچہری چوک، جیل چوک، رحمان شہید روڈ، کورٹ روڈ، اور غریب پورہ روڈ شامل ہیں، تاحال سیلابی پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔
صورتحال اس حد تک سنگین ہو چکی ہے کہ ڈی سی گجرات، ڈی پی او گجرات اور دیگر سرکاری افسران کی رہائش گاہوں کے باہر بھی نکاسی آب کا کام جاری ہے، لیکن اس کے باوجود مرکزی اور عوامی مقامات پر پانی کھڑا ہے۔ڈی سی کمپلیکس، ضلع کچہری، سرکاری دفاتر، تھانہ سول لائن، پولیس لائن، سیشن کورٹ، ڈسٹرکٹ جیل، ظہور الٰہی سٹیڈیم اور بارہ دری جیسے اہم اداروں کے باہر بھی سیلابی پانی موجود ہے، جس سے معمولات زندگی شدید متاثر ہیں۔
یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جمعہ کے روز اپنے دورہ گجرات کے دوران ضلعی انتظامیہ کو نکاسی آب کا کام 48 گھنٹوں میں مکمل کرنے کا حکم دیا تھا، مگر ہدایت کے تین دن گزرنے کے باوجود صورتحال جوں کی توں ہے۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ سیلابی پانی نے اب تک اربوں روپے کا نقصان کر دیا ہے، جس کا ازالہ فی الفور ممکن نہیں۔ عوام حکومتی اقدامات اور انتظامیہ کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔