Metro53 - جہلم(ویب ڈیسک )اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے محرم الحرام کے سلسلے میں امام بارگاہوں اور مرکزی جلوس کے روٹس کا متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ دورہ کیا اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران جلوس کے راستوں پر صفائی ستھرائی، سڑکوں کی مرمت، لائٹنگ، سکیورٹی انتظامات اور ٹریفک مینجمنٹ سے متعلق کیے گئے اقدامات کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف محکموں کے افسران نے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔
اسسٹنٹ کمشنر آفتاب اشرف نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ امام بارگاہوں اور جلوس کے تمام راستوں پر فول پروف سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کو بروقت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت، کوتاہی یا لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عزادارانِ امام حسینؓ کو پرامن، محفوظ اور سہولیات سے آراستہ ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے تاکہ وہ اپنے مذہبی فرائض اور عبادات بلا رکاوٹ انجام دے سکیں۔
آفتاب اشرف نے مزید ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر صفائی، روشنی، پانی کی فراہمی اور ٹریفک کی روانی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے، جبکہ سکیورٹی ادارے مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنائیں۔
انہوں نے تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ باہمی رابطے، مکمل ہم آہنگی اور مشترکہ حکمت عملی کے تحت فرائض سرانجام دیں تاکہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا دشواری پیش نہ آئے اور امن و امان کی فضا برقرار رہے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ محرم الحرام کے دوران عوامی سہولیات اور سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور عزاداروں کی خدمت کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔