جہلم: ٹریفک پولیس اہلکارسے بدتمیزی، کارِ سرکار میں مداخلت اور سڑک بلاک کرنے والے دو ملزمان گرفتار

جہلم: ٹریفک پولیس اہلکارسے بدتمیزی، کارِ سرکار میں مداخلت اور سڑک بلاک کرنے والے دو ملزمان گرفتار
Metro53

Metro53 - جہلم(ویب ڈیسک) پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر روکے جانے کے بعد ٹریفک پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کرنے، سرکاری امور میں مداخلت اور سڑک بند کر کے ٹریفک کی روانی متاثر کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ کالا گجراں اور ان کی ٹیم نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

ترجمان کے مطابق ملزمان کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر معمول کی چیکنگ کے دوران روکا گیا تھا، تاہم انہوں نے قانون کی پاسداری کرنے کے بجائے ٹریفک پولیس اہلکاروں کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا، سرکاری فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ ڈالی اور سڑک بلاک کر کے ٹریفک کی روانی کو متاثر کیا۔

واقعہ کے باعث سڑک پر ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ کالا گجراں پولیس موقع پر پہنچی اور قانونی کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ جہلم پولیس قانون کی بالادستی، شہریوں کی سہولت اور سرکاری اہلکاروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کارِ سرکار میں مداخلت، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سے بدتمیزی اور عوامی مشکلات کا سبب بننے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

شیئر کریں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں