Metro53 - گجرات(مراز عامر بیگ سے )ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پلاسٹک مینجمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ ماحولیات، ضلعی افسران اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان شریک ہوئے۔
ڈسٹرکٹ آفیسر ماحولیات اسامہ ماجد نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں پلاسٹک بیگز اور دیگر ممنوعہ اشیاء کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جس میں بھاری جرمانے، مواد ضبط کرنے اور آگاہی مہم شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر گجرات نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ممنوعہ پلاسٹک مصنوعات کے استعمال پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے، خلاف ورزی پر جرمانے، اشیاء کی ضبطگی اور قانون کے مطابق مکمل کارروائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ رحمان شہید روڈ، ہریاوالہ، مین بازار، کھاریاں اور سرائے عالمگیر میں پینافلیکس پرنٹنگ یونٹس کی چیکنگ بھی کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 5 جون 2024 سے شیڈول-II میں شامل سنگل یوز پلاسٹک مصنوعات پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ ان میں شامل ہیں:
- پلاسٹک شاپنگ بیگز جن کی موٹائی 75 مائیکرون سے کم اور سائز 12×16 انچ سے کم ہو۔
- ڈسپوزیبل کپ اور پلیٹس جو پولی اسٹرین (اسٹائرین) سے تیار کیے گئے ہوں۔
- پلاسٹک جھنڈے اور غباروں کی پلاسٹک اسٹکس۔
- ایئر بڈز جن کی اسٹکس پلاسٹک سے بنی ہوں۔
- پلاسٹک یا پی وی سی بینرز جن کی موٹائی 80 مائیکرون سے کم ہو۔
ماحولیاتی تحفظ کے لیے حکومت کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنائیں، تاکہ ماحول کو صاف اور صحت مند بنایا جا سکے۔
ہیلپ لائن برائے شکایات: 1373 یا مقامی دفتر برائے ماحولیات شادمان کالونی گجرات سے رجوع کریں۔