Metro53 - لاہور،گجرات ( ویب ڈیسک )وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے پاکستان یوتھ لیڈرشپ کانفرنس لاہور میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی، جس میں پاکستان بھر سے نوجوان طلبہ، پروفیشنلز اور مختلف شعبوں سے وابستہ افراد بھی شریک تھے ۔ کانفرنس کی صدارت صدر پاکستان مسلم لیگ یوتھ کامران سعید عثمانی نے کی ۔
کانفرنس کا مرکزی موضوع ”کیا پاکستان کو نئے صوبوں کی ضرورت ہے؟“ تھا، جس پر نوجوان رہنماؤں کے مؤقف، تجاویز اور خیالات سننے کے لیے کھلا اور بامعنی مکالمہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل سے متعلق اہم قومی معاملات پر نوجوانوں کی آواز کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ نئے صوبوں، بہتر طرزِ حکمرانی، انتظامی اصلاحات اور مساوی ترقی جیسے اہم معاملات پر نوجوانوں کو اپنی رائے کھل کر پیش کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہی نہیں بلکہ آج کی قومی قوت بھی ہیں۔ ایسے مکالمے نوجوانوں کو قومی فیصلوں کے عمل سے جوڑنے، ان کی سوچ اور صلاحیتوں کو سامنے لانے اور پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے نئی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل مضبوط، بااختیار اور باشعور نوجوانوں سے وابستہ ہے، اس لیے قومی معاملات پر نوجوانوں کی آواز کو مؤثر اور فیصلہ کن اہمیت دینا وقت کی ضرورت ہے۔