کھاریاں میں کمشنر گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن کی کھلی کچہری

کھاریاں میں کمشنر گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن کی کھلی کچہری
Metro53

Metro53 - گجرات (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب کے عوام کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کرنے کے وژن کے تحت کمشنر گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن محمد علی نے ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی کے ہمراہ میونسپل کمیٹی آفس کھاریاں میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔

کھلی کچہری میں شہریوں نے مختلف سرکاری محکموں سے متعلق مجموعی طور پر 20 درخواستیں اور شکایات پیش کیں۔ کمشنر محمد علی نے شہریوں کے مسائل براہِ راست سنے اور متعلقہ افسران کو درخواستوں پر فوری کارروائی اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

حکام کے مطابق ایک درخواست پولیس سے متعلق تھی جبکہ دیگر شکایات کا تعلق مختلف سرکاری محکموں سے تھا۔ کمشنر نے واضح کیا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد شہریوں کو سرکاری دفاتر کے بار بار چکر لگانے سے بچانا اور ان کے مسائل موقع پر سن کر بروقت حل کرنا ہے۔

اس موقع پر کمشنر محمد علی نے کھاریاں شہر کے اہم شہری مسائل کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے پارکنگ کے مسائل، تجاوزات کے خاتمے اور سڑکوں کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے متعلقہ افسران کو اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔

کمشنر نے کہا کہ کھلی کچہری میں موصول ہونے والی تمام درخواستوں پر پیش رفت کی نگرانی کی جائے گی تاکہ شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو گجرات وقاص صفدر سکندری، اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گوندل، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد وقاص، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کھاریاں چوہدری خاور گجر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سید اعتزاز احمد سمیت دیگر ضلعی و تحصیل افسران نے شرکت کی۔

شیئر کریں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں