Metro53 - گجرات ،وزیر آباد (مرزاعادل سے) ملک میں آسمان کو چھوتی مہنگائی اور غربت نے ایک اور غریب شہری کو خودکشی جیسے انتہائی قدم پر مجبور کر دیا۔ وزیر آباد ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک شخص نے مہنگائی سے عاجز آ کر خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق گجرات سے تعلق رکھنے والا متاثرہ شخص وزیر آباد ریلوے اسٹیشن کے قریب پہنچا اور انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے اپنے اوپر پیٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگا لی۔ آگ لگنے سے موصوف کے جسم کا لگ بھگ 50 فیصد حصہ جھلس گیا۔ موقع پر موجود راہگیروں نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پایا اور شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا، جہاں اس کی نازک حالت کے پیشِ نظر اسے گوجرانوالہ ریفر کر دیا گیا۔
زخمی شخص کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری ہوشربا مہنگائی نے غریب کا جینا محال کر دیا ہے۔ اس کے لیے اب دن بھر میں دو وقت کی روٹی کا حصول بھی ناممکن بن چکا ہے۔ اس نے شکوہ کیا کہ پیٹرول کی قیمتیں اس قدر بڑھ چکی ہیں کہ اب 400 روپے فی لیٹر پیٹرول خرید کر رکشہ چلانا اور روزگار کمانا اس کے بس سے باہر ہو چکا تھا، اور اسی کسمپرسی سے تنگ آ کر اس نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی۔واقعے کے بعد علاقے میں شدید سوگوار اور افسوسناک فضا پائی جاتی ہے، جبکہ عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیروزگاری پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید کوئی غریب اس طرح کی موت کا گلا نہ گھونٹے جائے۔