Metro53 - گجرات (ویب ڈیسک): وزیراعلیٰ پنجاب مانیٹرنگ ٹیم نے تحصیل کنجاہ کے نواحی علاقے میں واقع گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول چکوڑی بکھو کا دورہ کیا اور اسکول میں صفائی ستھرائی، تعلیمی ماحول اور انتظامی امور کو سراہا۔
مانیٹرنگ ٹیم نے صبح تقریباً 8:30 بجے اسکول کا دورہ کیا، جہاں تمام کلاس رومز کا تفصیلی معائنہ کیا گیا اور طلبہ سے تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ ٹیم نے اسکول میں صفائی کے بہترین انتظامات اور کلاس رومز کی مجموعی صورتحال کو سراہتے ہوئے اپنے ریمارکس میں انتظامات کو ’’بہترین (Excellent)‘‘ قرار دیا۔
اس موقع پر ڈی ای او چوہدری محمد فاروق بھی مانیٹرنگ ٹیم کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے اسکول کے انتظامات اور صفائی کے معیار کو سراہا۔
بعد ازاں ڈویژنل ڈائریکٹر چوہدری محمد اورنگزیب نے تقریباً 11:30 بجے گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول چکوڑی بکھو کا دورہ کیا اور تقریباً ایک گھنٹہ اسکول میں قیام کیا۔ انہوں نے اسکول کے تعلیمی ماحول اور انتظامی امور پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
ڈویژنل ڈائریکٹر نے بالخصوص ہیڈ ماسٹر محمد بوٹا طور کی انتظامی صلاحیتوں اور اسکول کی مجموعی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے اساتذہ کی 100 فیصد جبکہ طلبہ کی 94 فیصد حاضری پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر حکومتی ہدایات کے مطابق تمام ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ افسران نے اسکول انتظامیہ کی جانب سے تعلیمی ماحول اور انتظامی معیار برقرار رکھنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔