Metro53 - گجرات (ویب ڈیسک): گجرات میں گزشتہ رات سے جاری موسلا دھار مون سون بارش کے باعث اب تک 100 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ اور واسا گجرات نے شہر بھر میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے نکاسیٔ آب کے لیے ہنگامی آپریشن تیز کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نورالعین قریشی نے ایم ڈی واسا کاشان حفیظ بٹ کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں اور ڈسپوزل اسٹیشنز کا دورہ کیا اور نکاسیٔ آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر جیل چوک، کچہری چوک، نوابزادہ چوک، پرنس چوک، فوارہ چوک سمیت دیگر متاثرہ علاقوں کا بھی معائنہ کیا گیا۔
واسا حکام کے مطابق شہر کے تینوں زونز میں 18 ایمرجنسی فیلڈ ٹیمیں مسلسل متحرک ہیں، جبکہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز مکمل استعداد کے ساتھ فعال ہیں اور بارشی پانی کے فوری اخراج کے لیے پمپنگ کا عمل بلا تعطل جاری ہے۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر عبدالقدیر زرکون اور ڈائریکٹر انجینئرنگ شیخ عبدالوہاب بھی موجود تھے، جبکہ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل حسنین بھلی مرکزی کنٹرول روم سے آپریشن کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔
واسا کی جانب سے ڈی واٹرنگ سیٹس، سکشن مشینیں اور ہیوی مشینری نشیبی علاقوں میں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ بارشی پانی کی جلد از جلد نکاسی کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث نکاسیٔ آب کا آپریشن چوبیس گھنٹے جاری رکھا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ اور واسا گجرات کی مشترکہ مانیٹرنگ کے تحت نشیبی علاقوں میں اضافی مشینری بھی پہنچا دی گئی ہے، جبکہ تمام افسران اور فیلڈ عملے کو بارش ختم ہونے تک ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نورالعین قریشی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ شہریوں کو کم سے کم وقت میں بارشی پانی سے نجات دلانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مون سون ایمرجنسی پلان کے تحت نکاسیٔ آب کے نظام کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو فوری اور مؤثر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔