کشمیر سے مانچسٹر تک،سابق ٹیکسی ڈرائیور شوکت علی لارڈ میئر منتخب

کشمیر سے مانچسٹر تک،سابق ٹیکسی ڈرائیور شوکت علی لارڈ میئر منتخب
Metro53

Metro53 - مانچسٹر ( ویب ڈیسک )کشمیر سے تعلق رکھنے والے سابق ٹیکسی ڈرائیور شوکت علی نے مانچسٹر کے 128 ویں لارڈ میئر کے طور پر حلف اٹھا لیا۔ ان کی کامیابی کو برطانوی پاکستانی کمیونٹی کیلئے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

حلف برداری کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شوکت علی نے اس موقع کو اپنی زندگی کا “انتہائی جذباتی لمحہ” قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا تعلق کشمیر کے گاؤں بٹلی سے ہے اور وہ 16 برس کی عمر میں بہتر مستقبل کی تلاش میں مانچسٹر منتقل ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ گزشتہ روز انتقال کر گئی تھیں، جس کے باعث وہ اس خوشی کے موقع پر ان کی موجودگی سے محروم رہے۔ شوکت علی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دکھ ہے کہ والدہ ان کی زندگی کے اس اہم لمحے کو نہ دیکھ سکیں۔

شوکت علی 1965 میں پاکستان میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی دور میں انہوں نے ٹیکسٹائل انڈسٹری میں کام کیا جبکہ بعد میں فرنیچر کے کاروبار اور ایک چھوٹے فوڈ آؤٹ لیٹ سے بھی وابستہ رہے۔

انہوں نے مانچسٹر میں کئی سال تک بطور لائسنس یافتہ ٹیکسی ڈرائیور خدمات انجام دیں۔ اسی دوران شام کے اوقات میں انگریزی زبان سیکھی اور بعد ازاں سٹی کالج مانچسٹر سے آئی ٹی میں ڈپلومہ بھی حاصل کیا، جس نے ان کی پیشہ ورانہ زندگی میں نئی راہیں کھولیں۔

شیئر کریں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں