جوہانسبر گ :ہوٹل مالک کو کھانے والا 15 فٹ لمبا مگرمچھ دریا سے نکال کر ہلاک کر دیا گیا

جوہانسبر گ :ہوٹل مالک کو کھانے والا 15 فٹ لمبا مگرمچھ دریا سے نکال کر ہلاک کر دیا گیا
Metro53

Metro53 - جوہانسبر گ (ویب ڈیسک )جنوبی افریقا میں ایک حیران کن اور خوفناک واقعے نے سب کو ہلا کر رکھ دیا، جہاں ایک 15 فٹ لمبے مگرمچھ کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے دریا سے نکالا گیا، جس پر ایک لاپتہ ہوٹل مالک کو کھانے کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق 59 سالہ گیبریل بٹسٹا شدید بارشوں کے دوران اپنی گاڑی سمیت پل عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ طغیانی زدہ پانی میں بہہ گئے اور لاپتہ ہو گئے۔

بعد ازاں پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ ہو سکتا ہے کہ انہیں وہاں موجود دیوہیکل مگرمچھ نے نشانہ بنایا ہو، جس کے بعد ایک خطرناک آپریشن کیا گیا۔

اس مشن کی قیادت تجربہ کار پولیس افسر کیپٹن جوہان پوٹگیٹر نے کی، جو تقریباً 40 سالہ سروس کا تجربہ رکھتے ہیں۔

 ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیپٹن پوٹگیٹر رسی کے سہارے ہیلی کاپٹر سے لٹکے ہوئے مگرمچھ کو باندھ رہے ہیں، جبکہ نیچے دریا میں دیگر مگرمچھ اور دریائی گھوڑے بھی موجود تھے۔

پولیس کے مطابق مگرمچھ کو آپریشن سے قبل ہلاک کر دیا گیا تھا، تاہم افسر کے لیے صورتِ حال اب بھی انتہائی خطرناک تھی۔

جوہان پوٹگیٹر نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ تب مجھے یقین ہوا کہ یہ تقریباً مر چکا ہے، کیونکہ اگر ایسا نہ ہوتا تو یہ یقیناً مجھ پر حملہ کر دیتا۔

بعد ازاں مگرمچھ کا پوسٹ مارٹم کیا گیا تو اس کے پیٹ سے انسانی جسم کے اعضا برآمد ہوئے، جن میں 2 کٹے ہوئے بازو، پسلیوں کا ایک حصہ اور ایک انگوٹھی شامل تھی، جس کی شناخت گیبریل بٹسٹا کی ملکیت کے طور پر کی گئی۔

اس جرأت مندانہ کارروائی پر پولیس حکام نے افسر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

پولینگ ڈمپانے نے کہا کہ کیپٹن پوٹگیٹر نے فرض سے بڑھ کر بہادری کا مظاہرہ کیا اور اپنی جان خطرے میں ڈال کر یہ آپریشن مکمل کیا۔

شیئر کریں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں