Metro53 - گجرات (ویب ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر اور سینئر سیاستدان چوہدری شجاعت حسین نے یومِ آزادی 14 اگست کو پورے جوش و خروش سے منانے کا اعلان کیا ہے۔ اُنہوں نے قوم سے اپیل کی ہے کہ ہر شہری اپنے گھروں، گلیوں اور شہروں کو سبز ہلالی پرچم سے سجا کر پاکستان سے محبت کا عملی ثبوت دے۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ملک بھر میں پرچم کشائی، چراغاں اور قومی تقریبات میں بھرپور شرکت کرنی چاہیے تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ پاکستانی ایک زندہ دل، متحد اور باوقار قوم ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ "آپریشن بنیان المرصوص" میں پاکستان کی فتح نے دنیا میں ہماری مسلح افواج کی بہادری اور قربانیوں کو تسلیم کروایا ہے۔ یہ کامیابی آزادی کے تحفظ کی تاریخ میں ایک نیا باب ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 14 اگست صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ ہماری قومی شناخت، آزادی، اتحاد اور قربانیوں کی علامت ہے۔ ہر پاکستانی پر فرض ہے کہ وہ اس دن کو قومی جذبے اور یکجہتی کے ساتھ منائے۔آخر میں چوہدری شجاعت حسین نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ یومِ آزادی کے موقع پر اپنے جذبے کو عملی جامہ پہنائیں تاکہ دنیا کو یہ باور کروایا جا سکے کہ پاکستانی ہر حالت میں اپنی آزادی کے محافظ ہیں۔