Metro53 - گجرات (مرزا عامر بیگ سے)صرف آدھے گھنٹے کی شدید بارش نے گجرات شہر کو ندی نالوں میں تبدیل کر دیا۔ اہم سڑکیں، سرکاری دفاتر، رہائشی علاقوں اور تھانوں تک پانی میں ڈوب گئے۔
ڈی سی آفس، جیل روڈ، بھمبر روڈ، تھانہ سول لائن، ایکسائز آفس اور ڈی سی صاحبہ کی رہائش گاہ سمیت شہر کے بیشتر حصے پانی میں گھر گئے، جہاں سے گزرنا تقریباً ناممکن ہو گیا۔شہری طنز کرتے دکھائی دیے۔اگر کشتی ہو تو آ جا سکتے ہیں، ورنہ انتظامیہ سے خیر کی توقع مت رکھیں۔
شہریوں نے سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے انتظامیہ کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ۔ہر سال سیوریج کی بہتری کے دعوے کیے جاتے ہیں۔کروڑوں روپے فنڈز فوٹو سیشنز اور اعلانات میں ضائع ہو جاتے ہیں۔لیکن عملی طور پر نکاسی آب کا کوئی نظام موجود نہیں۔
بارشی پانی کی وجہ سے چنگ چی، گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند ہو گئیں، کئی علاقوں میں بجلی بھی معطل ہو گئی۔ شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔سیوریج کے ناقص نظام اور نکاسی آب کے سست عمل نے شہریوں کو شدید مالی اور جسمانی پریشانی میں مبتلا کر دیا۔