گجرات :کھاریاں میں پتنگ فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن، دو ملزمان گرفتار، سینکڑوں پتنگیں برآمد

گجرات :کھاریاں میں پتنگ فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن، دو ملزمان گرفتار، سینکڑوں پتنگیں برآمد
Metro53

Metro53 - گجرات (ویب ڈیسک ) کھاریاں میں پولیس نے پتنگ فروشی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کر لیا اور بڑی تعداد میں پتنگیں اور کیمیکل ڈوریں برآمد کر لیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او گجرات رانا عمرفاروق کی ہدایت پر ضلع بھر میں پتنگ بازوں اور پتنگ فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں  کھاریاں کے تھانہ صدر کی پولیس نے خفیہ اطلاع پر دو مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔

کارروائی ڈی ایس پی کھاریاں سرکل  شاہد محمود کی نگرانی میں ایس ایچ او انسپکٹر توقیر الحسن رانجھا  نے پولیس ٹیم کے ہمراہ انجام دی، جس کے دوران دو پتنگ فروشوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے تقریباً 300 پتنگیں اور ایک درجن سے زائد کیمیکل ڈوریں برآمد کی گئیں۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ عیدالفطر کے موقع پر پتنگیں فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے تھے، تاہم بروقت کارروائی کے باعث ان کے منصوبے ناکام بنا دیے گئے۔

گرفتار افراد میں واجد حسین اور شاہنواز شامل ہیں، جن کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

پولیس حکام نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ پتنگ سازی، فروشی اور بازی قانوناً جرم ہے، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ والدین سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ایسے خطرناک اور غیر قانونی مشاغل سے دور رکھیں۔

شیئر کریں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں