گجرات :سرائے عالمگیر میں پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی

گجرات :سرائے عالمگیر میں پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی
Metro53

Metro53 - گجرات)ویب ڈیسک ) پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کے دوران ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں چرس برآمد کر لی۔ پولیس حکام کے مطابق اس کارروائی کا مقصد علاقے میں منشیات کے پھیلاؤ کو روکنا اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق کی ہدایات اور ڈی ایس پی سرائے عالمگیر سرکل ڈاکٹر ممتاز احمد میکن کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ صدر سرائے عالمگیر آفتاب رسول چوہان اور سب انسپکٹر عثمان بشیر نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کی۔ اس دوران ملزم اسرار احمد ولد محفوظ حسین قوم جٹ، سکنہ پنڈی جٹاں کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 1140 گرام چرس برآمد ہوئی ہے جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے۔ ملزم کے خلاف تھانہ صدر سرائے عالمگیر میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

اس موقع پر ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق کا کہنا تھا کہ منشیات فروش معاشرے کے لیے ناسور ہیں اور ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ گجرات پولیس منشیات کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

شیئر کریں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں