Metro53 - لاہور (ویب ڈیسک)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کی بحالی اور جدید خطوط پر استواری حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور کثیرالجہتی منصوبے ایم ایل ون (ML-1) کا باقاعدہ افتتاح آئندہ سال فروری سے مارچ کے درمیان کر دیا جائے گا، جو ملکی ریلوے نظام کی تقدیر بدل دے گا۔
لاہور میں ایک تقریب کے موقع پر ’جہانِ پاکستان ڈیجیٹل‘ کے اینکر سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر حنیف عباسی نے ریلوے کی موجودہ صورتحال، اصلاحات اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کی وجہ سے پاکستان ریلوے پیچھے رہ گیا، ان کا حساب اللہ پر چھوڑتا ہوں؛ تاہم اگر میں نو ماہ میں میٹرو بس منصوبہ اور سولہ ماہ میں راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی جیسا بڑا ادارہ مکمل کر سکتا ہوں، تو اللہ کے فضل سے پاکستان ریلوے کو بھی ترقی کی بلندیوں تک لے جاؤں گا۔حادثات کی روک تھام اور آمدن میں اضافے کا پلان ریلوے نظام میں اصلاحات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حنیف عباسی نے بتایا کہ ملک بھر کے پورے ریلوے ٹریک کا جامع سروے کروایا جا رہا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ٹریک میں کہاں کہاں نقائص موجود ہیں، حادثات کیوں پیش آتے ہیں اور ان کا اصل ذمہ دار کون ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کی آمدن بڑھانے کے لیے مال بردار (فریٹ) نظام کو جدید اور مؤثر بنانے کی منصوبہ بندی جاری ہے، جبکہ مسافر ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ اور ریلوے اسٹیشنز کی صفائی ستھرائی اور اپ گریڈیشن کے لیے بھی عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ایم ایل ون منصوبے سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیراعظم میاں شہباز شریف اور ان کا دیرینہ خواب ہے۔ اس سلسلے میں ایشین ڈویلپمنٹ فنڈ (ADB) کے ساتھ پاکستان ریلوے کے معاملات طے پا چکے ہیں اور ان شاء اللہ اگلے سال فروری یا مارچ میں اس کا افتتاح کر دیا جائے گا۔گفتگو کے اختتام پر وفاقی وزیر حنیف عباسی نے آئندہ دورۂ لاہور کے موقع پر ’جہانِ پاکستان ڈیجیٹل‘ کےساتھ خصوصی پوڈکاسٹ میں شرکت کرنے کا وعدہ بھی کیا۔