Metro53 - گجرات(ویب ڈیسک)گجرات میں تھانہ صدر جلالپور جٹاں کے علاقے گجر چوک کے قریب پولیس مقابلے کے دوران اقدام قتل کے ملزم کو اس کے ساتھیوں نے پولیس حراست سے چھڑوا لیا، تاہم پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران ملزم کو زخمی حالت میں دوبارہ گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق اقدام قتل کے مقدمے میں گرفتار خلیل الرحمن عرف خیلو کو اسلحہ برآمد کرنے کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 مسلح ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے دوران حملہ آور ملزمان اپنے ساتھی خلیل الرحمن عرف خیلو کو پولیس حراست سے چھڑوا کر فرار ہوگئے۔ فائرنگ رکنے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا۔
پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران خلیل الرحمن عرف خیلو کو زخمی حالت میں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا اور فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔