Metro53 - منڈی بہاؤالدین ( ویب ڈیسک )جنوبی افریقا میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 4 پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گئے، جاں بحق ہونے والوں میں پنجاب کے ضلع منڈی بہاؤالدین کے گاؤں بلہڑ سے تعلق رکھنے والے 2 سگے بھائی بھی شامل ہیں۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق چاروں پاکستانی شہری اپنی دکان بند کرنے کے بعد گاڑی میں سوار ہو کر گھر واپس جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے اندھا دھند گولیاں برسا دیں، شدید فائرنگ کے باعث چاروں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے اور انہیں سنبھلنے کا کوئی موقع نہ مل سکا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 3 افراد کا تعلق ضلع منڈی بہاؤالدین جبکہ 1 شہری ضلع سیالکوٹ کا رہائشی تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی حکام اور امدادی اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشوں کو منتقل کر دیا گیا۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد جنوبی افریقا کی پولیس نے مقدمہ درج کرکے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام حملہ آوروں کی شناخت اور واردات کے محرکات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ فائرنگ ذاتی دشمنی، ڈکیتی کی مزاحمت یا کسی اور وجہ سے کی گئی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جنوبی افریقا میں 4 پاکستانی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مرحومین کے اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل اور جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی کی دعا بھی کی۔