Metro53 - اسلام آباد (ویب ڈیسک)اٹلی کے جزیرے لامپیدوسا کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی سمندر میں حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق جبکہ متعدد لاپتا ہو گئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، کشتی میں تقریباً 100 افراد سوار تھے، جن میں سے 70 سے 80 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ تاہم کچھ افراد اب بھی لاپتا ہیں اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (UNHCR) نے تصدیق کی ہے کہ حادثہ لامپیدوسا کے قریب پیش آیا۔ بچ جانے والے افراد کو مقامی مرکز منتقل کر دیا گیا ہے۔
بچ جانے والے افراد نے بتایا کہ کشتی لیبیا سے روانہ ہوئی تھی اور اس میں 92 سے 97 افراد سوار تھے، جو یورپ میں بہتر زندگی کی تلاش میں نکلے تھے۔
یو این ایچ سی آر کے مطابق رواں سال اب تک 675 سے زائد تارکینِ وطن، وسطی بحیرہ روم کے خطرناک راستے سے یورپ پہنچنے کی کوشش میں جاں بحق ہو چکے ہیں۔