Metro53 - گجرات (ویب ڈیسک) ہیڈ مرالہ بیراج کے مقام پر دریائے چناب میں مگرمچھ دیکھے جانے کی اطلاعات سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، جس کے بعد مقامی آبادی اور سیاحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دریائے چناب میں ایک مگرمچھ موجود ہے۔ ویڈیو بنانے والے مقامی مچھیرے کا کہنا ہے کہ اس نے دریا میں ایک بڑے رینگنے والے جانور کو دیکھا جسے وہ مگرمچھ قرار دے رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق مذکورہ جانور ممکنہ طور پر پانی کے بہاؤ کے ساتھ اس علاقے تک پہنچا ہے۔ تاہم اس حوالے سے تاحال محکمہ وائلڈ لائف، ضلعی انتظامیہ یا دیگر متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
سوشل میڈیا پر جاری پیغامات میں شہریوں، بالخصوص سیاحوں کو دریا کے کنارے جانے، پانی میں نہانے اور کشتی رانی سے گریز کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
مقامی افراد نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور دریا میں موجود جانور کی موجودگی یا عدم موجودگی کے حوالے سے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔
دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ غیر مصدقہ اطلاعات پر اندھا اعتماد کرنے کے بجائے سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر توجہ دیں اور اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ خبر فائل کیے جانے تک دریائے چناب میں مگرمچھ کی موجودگی کی سرکاری سطح پر تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی تھی۔