Metro53 - گجرات(ویب ڈیسک )تھانہ صدر سرائے عالمگیر کے علاقے تھون میرہ میں پولیس ناکہ بندی کے دوران پیش آنے والے مبینہ مقابلے میں ایک خطرناک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ناکہ بندی کے دوران مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزمان سمبلی کی جانب فرار ہو گئے۔
پولیس کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا گیا، جس کے دوران نہر کے کنارے سے ایک زخمی ملزم برآمد ہوا۔ گرفتار شخص کی شناخت محمد بلال ولد محمد صدیق، سکنہ پاکپتن کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے گھٹنے پر گولی لگی ہوئی تھی، جو ابتدائی تحقیقات کے مطابق مبینہ طور پر اس کے اپنے ساتھی کی فائرنگ سے لگی۔ ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم گجرات اور پاکپتن میں ڈکیتی، راہزنی، چوری اور دیگر سنگین نوعیت کے 38 مقدمات میں مطلوب تھا۔ زخمی ملزم کو فوری طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سرائے عالمگیر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی او گجرات نے کہا ہے کہ شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹنے والے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔