Metro53 - گجرات(ویب ڈیسک) پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران اہم کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے پانچ مسروقہ موٹر سائیکل بھی برآمد کر لیے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق کارروائی تھانہ لاری اڈہ پولیس نے خفیہ اطلاعات اور جدید تفتیشی حکمت عملی کے تحت انجام دی۔ گرفتار ہونے والے ملزمان میں تبسم عباس اور اسامہ عرفان شامل ہیں، جن کا تعلق ناصر کالونی گجرات سے بتایا گیا ہے۔
تحقیقات کے مطابق ملزمان محلہ کالو پورہ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چند روز کے اندر ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے چار چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کیے گئے، جبکہ مزید تفتیش اور انکشافات پر تھانہ صدر گجرات نے بھی ملزمان سے ایک مسروقہ ہونڈا 125 موٹر سائیکل برآمد کر لی۔
گجرات پولیس کے مطابق ضلع بھر میں چوروں، ڈاکوؤں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔