Metro53 - گجرات(ویب ڈیسک) سی سی ڈی اہلکار سید فیاض شاہ کے قتل میں مطلوب ملزم نعمان عرف نوما بہلپوریا بلوچستان میں ایک آپریشن کے دوران ہلاک ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم دو ہفتے قبل جلالپور جٹاں میں سید فیاض شاہ کو فائرنگ کرکے شہید کرنے کے واقعے میں ملوث تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ملزم کی گرفتاری کیلئے مختلف شہروں میں متعدد چھاپے مارے گئے، اس کا پاسپورٹ بلاک کیا گیا جبکہ ملک بھر کے ائیرپورٹس پر بھی الرٹ جاری کیا گیا، تاہم ابتدائی طور پر ملزم کا سراغ نہیں مل سکا۔
تحقیقات کے دوران ملزم کے موبائل فون کی لوکیشن بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ٹریس ہوئی، جہاں وہ مسلسل اپنی جگہ تبدیل کرتا رہا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم اپنے جاننے والوں کے پاس چھپا ہوا تھا جو گندم کی کٹائی کے کام سے وابستہ تھے۔
بعدازاں سی سی ڈی گجرات کی ٹیم نے مقامی پولیس کی مدد سے گوادر میں ایک مقام کا گھیراؤ کیا جہاں ملزم موجود تھا۔ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران نعمان نوما بہلپوریا مارا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک فرار ہونے کی تیاری کر رہا تھا، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے روک لیا۔
واقعے کے بعد گجرات میں شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا جبکہ پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کرنے والوں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔