Metro53 - گجرات ( ویب ڈیسک ) آئی جی عبدالکریم نے گجرات میں شہید کانسٹیبلز فیاض علی اور عمر آفتاب کے گھروں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اہلخانہ سے ملاقات کر کے اظہارِ تعزیت اور ہمدردی کیا۔اس موقع پر ڈی پی اوگجرات اختر فاروق سمیت پنجاب پولیس کے دیگر سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
آئی جی پنجاب نے شہداء کے والدین، بچوں اور دیگر اہلخانہ سے ملاقات کی، شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور فاتحہ خوانی میں حصہ لیا۔ انہوں نے بچوں سے شفقت کا اظہار کرتے ہوئے اہلخانہ کو یقین دلایا کہ پنجاب پولیس اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
عبدالکریم کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکار پوری فورس کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کا خصوصی خیال رکھا جائے گا اور ان کے بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کانسٹیبل فیاض علی اور کانسٹیبل عمر آفتاب دورانِ ڈیوٹی ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق شہید فیاض علی کے پسماندگان میں اہلیہ، ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں، جبکہ شہید عمر آفتاب کے خاندان میں والدین اور پانچ بہنیں شامل ہیں۔