گجرات :ضلع میں عطائیت کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد کلینکس سیل

گجرات :ضلع میں عطائیت کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد کلینکس سیل
Metro53

Metro53 - گجرات ( ویب ڈیسک )ضلعی ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات پر ضلع بھر میں عطائیت کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران مختلف مقامات پر معائنے اور قانونی اقدامات کیے گئے۔

ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد نعیم نے نورپور لاری اڈا کے قریب ظہور کلینک پر کارروائی کرتے ہوئے ایک عطائی کو مریضوں کا علاج کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ موقع سے شواہد اکٹھے کیے گئے اور کلینک کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا۔

اسی کارروائی کے دوران المدینہ فارمیسی اور مظمل میڈیکل اسٹور کا بھی معائنہ کیا گیا، تاہم وہاں عطائیت کے شواہد نہ ملنے پر دونوں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے مسلسل نگرانی میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس مرحلے میں مجموعی طور پر تین مقامات کی جانچ پڑتال کی گئی اور ایک کلینک سیل کیا گیا۔

دوسری جانب تحصیل کھاریاں میں  اینٹی کویکری مہم کے تحت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ یو سی بھگناگر اور پیری اربن ایریاز میں کیے گئے معائنوں کے دوران توقیر ہومیوپیتھک کلینک میں ایک شخص کو ہومیوپیتھک ڈگری کے باوجود ایلوپیتھک طریقہ علاج کرتے ہوئے پایا گیا، جو مریض کو انجیکشن لگا رہا تھا۔ اس خلاف ورزی پر کلینک کو سیل کر دیا گیا اور کیس مزید کارروائی کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن لاہور کو بھیج دیا گیا۔

اسی طرح ڈان فارمیسی کی شکایت کی جانچ پڑتال کی گئی، تاہم وہاں کوئی بے ضابطگی سامنے نہیں آئی۔ ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر دو مقامات کا معائنہ کیا گیا اور ایک کلینک کو سیل کیا گیا۔

محکمہ صحت کے حکام کے مطابق عطائیت کے خاتمے کے لیے یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

شیئر کریں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں