Metro53 - گجرات ( ویب ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن ویمن ایمپاورمنٹ کے تحت گجرات پولیس کی جانب سے خواتین اہلکاروں کے لیے ایک اہم سہولت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق کی قیادت میں ڈی پی او کمپلیکس گجرات میں جدید لیڈیز لاؤنج قائم کیا گیا۔
اس لیڈیز لاؤنج کا باقاعدہ افتتاح ڈپٹی کمشنر نورالعین قریشی نے کیا، جبکہ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر بھی شریک ہوئیں۔ مہمانانِ خصوصی نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے خواتین پولیس اہلکاروں کے لیے ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ یہ لاؤنج لیڈی پولیس کے لیے ایک محفوظ، باوقار اور آرام دہ ماحول فراہم کرے گا، جہاں وہ بہتر انداز میں اپنے فرائض انجام دے سکیں گی۔ یہ منصوبہ خواتین کو بااختیار بنانے کے حکومتی ویژن کی عملی مثال ہے۔
ڈی پی او گجرات کے مطابق لیڈیز لاؤنج کے قیام کا مقصد خواتین اہلکاروں کو ایسا سازگار ماحول فراہم کرنا ہے جہاں ان کی پرائیویسی کا خیال رکھا جائے۔ اس سہولت میں بیٹھنے، انتظار کرنے، نماز ادا کرنے اور مطالعہ کرنے کے لیے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام نہ صرف خواتین پولیس کی فلاح و بہبود کے لیے اہم ہے بلکہ اس سے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ گجرات پولیس کی جانب سے مستقبل میں بھی خواتین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔