گجرات :کنجاہ کے تاجروں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال، ڈی سی گجرات کی مداخلت پر مطالبات منظور، کاروبار بحال

گجرات :کنجاہ کے تاجروں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال، ڈی سی گجرات کی مداخلت پر مطالبات منظور، کاروبار بحال
Metro53

Metro53 - کنجاہ (طیب حسین سے)کنجاہ کے تاجروں نے پیرا فورس کی جانب سے مبینہ ناجائز تنگ کیے جانے کے خلاف مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی، جس کے باعث شہر بھر میں تمام کاروباری سرگرمیاں معطل ہو کر رہ گئیں۔ ہڑتال کا فیصلہ گزشتہ روز کنجاہ کی تمام تاجر تنظیموں کے مشترکہ اجلاس میں متفقہ طور پر کیا گیا، جس میں 100 سے زائد تاجروں نے شرکت کی اور شٹر ڈاؤن کے فیصلے کی بھرپور حمایت کی۔

ہڑتال کے باعث کنجاہ میں خرید و فروخت، کاروبار اور تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر بند رہیں۔ بعد ازاں تاجروں نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس گجرات جانے کا فیصلہ کیا، جہاں تاجر رہنماؤں نے ڈی سی گجرات محترمہ نورالعین قریشی کے روبرو اپنے تحفظات اور مطالبات پیش کیے۔

ڈپٹی کمشنر گجرات نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی پیرا فورس گجرات سے رابطہ کیا اور کنجاہ کے تاجروں کے تحفظات ان کے سامنے رکھے۔ ڈی سی گجرات نے تاجروں کے مطالبات منظور کرتے ہوئے بازار کے اندر لگی ترپالیں ہٹانے اور ان کی جگہ خوبصورت نیٹ والے سائبان لگانے کی ہدایت جاری کی۔ اس کے علاوہ بازار کے اندر تین فٹ جبکہ بازار سے باہر چار فٹ تک چھجے بڑھانے کی اجازت بھی دے دی گئی۔

مطالبات کی منظوری کے بعد کنجاہ کے تاجروں نے شٹر ڈاؤن ہڑتال ختم کر دی، اپنی دکانیں کھول لیں اور کاروباری سرگرمیاں حسبِ معمول بحال ہو گئیں۔ تاجروں نے ڈی سی گجرات کی بروقت مداخلت اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔

کنجاہ کے تاجروں کے وفد کی قیادت محمد شبیر سیفی، صدر انجمن کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کنجاہ، اور ناصر اقبال، نائب صدر کریانہ ایسوسی ایشن پنجاب نے کی، جبکہ وفد میں کنجاہ کے تاجروں کی بڑی تعداد شامل تھی۔

شیئر کریں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں