Metro53 - گجرات ( ویب ڈیسک )وائس چانسلر جامعہ گجرات پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق تمغہ امتیاز کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد حافظ حیات کیمپس میں ہوا۔
اجلاس میں رجسٹرار، مختلف فیکلٹیوں کے ڈین،انتظامی شعبہ جات کے ڈائریکٹروں،مختلف تعلیمی شعبہ جات کے صدور و چیئر پرسن اور یونیورسٹی انتظامیہ کے سینیئر اراکین نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق نے اجلاس کے تمام شرکا کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی۔اجلاس کے ایجنڈا میں موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر مڈ ٹرم امتحانات کے طریق کار کا مفصل جائزہ لیتے ہوئے امتحانات کے تسلی بخش انعقاد کے متعلق مختلف اقدامات کا تعین بھی شامل تھا۔ مڈ ٹرم امتحانات کے انعقاد کے لیے آن لائن یا فزیکل طریق کار بارے مختلف شعبوں کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا مفصل جائزہ لیتے ہوئے سیر حاصل تبادلہ خیالات کیا گیا اور امتحانات کے شفاف و بہتر انعقاد کے مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی بحث کی گئی۔پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق نے سمسٹر بہار2026کے مڈ ٹرم امتحانات کے لیے ایک مضبوط و شفاف نظام تشکیل دینے کا عندیہ دیا۔پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق نے کہا کہ طلبہ جامعہ گجرات کا قیمتی اثاثہ ہیں۔یونیورسٹیوں کا وجود طلبہ کی موجودگی سے مشروط ہے۔ طلبہ کے لیے ان کے تعلیمی سفر میں آسانیاں فراہم کرنا ہی ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے۔اساتذہ کی جانب سے طلبہ کی حوصلہ افزائی ان کی تعلیمی کامیابی کے عمل کو مزید بہتر بناتی ہے۔مذکورہ اجلاس میں مختلف شعبوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تجاویز و سفارشات اور ریپیٹر طلبہ کے ٹائم ٹیبل میں درپیش مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے مختلف اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔