Metro53 - گجرات (ویب ڈیسک )ضلع گجرات میں خصوصی بچوں کی سہولت کے لیے ایک اہم اقدام اٹھایا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نور العین قریشی کی کاوشوں سے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے خصوصی بچوں کے لیے نئی بس فراہم کی گئی، جو گورنمنٹ ڈیف اینڈ ڈیفیکٹو ہائی اسکول فار بوائز نارووالی کے طلبہ کے لیے مختص کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ بس باقاعدہ طور پر اساتذہ اور طلبہ کے حوالے کر دی گئی ہے تاکہ خصوصی بچوں کو تعلیمی ادارے تک آنے جانے میں آسانی ہو سکے۔ اس اقدام کو خصوصی تعلیم کے شعبے میں ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر خصوصی بچوں کے وفد نے ڈپٹی کمشنر آفس کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر نورالعین قریشی کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے انہیں گریڈ 19 میں ترقی پر مبارکباد بھی پیش کی۔
تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر اسپیشل ایجوکیشن شیراز چیمہ، پرنسپل مسز مِسباح کوثر، فوکل پرسن مِسباح رانی اور پرنسپل مس خجستہ سمیت مختلف میل و فی میل خصوصی تعلیمی اداروں کے طلبہ بھی شریک ہوئے۔ شرکاء نے خصوصی بچوں کے لیے ٹرانسپورٹ کی فراہمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔