Metro53 - گجرات (مرزا عامر بیگ)فارن افیئرز لائزان آفس گجرات کے اسسٹنٹ چیف آف پروٹوکول احتشام الحق وڑائچ نے کہا ہے کہ گجرات میں قائم فارن آفس سب آفس کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے، جو ملک کا پانچواں سب آفس ہے۔
ان کے مطابق یہاں روزانہ ایک ہزار سے زائد شہریوں کو جنرل ٹوکن جاری کیے جاتے ہیں اور ان کی دستاویزات اسی دن تصدیق کر کے واپس کر دی جاتی ہیں۔
8 ماہ کے دوران 35 ہزار پوسٹائل درخواستوں کی، جبکہ ایک سال میں مجموعی طور پر ایک لاکھ سے زائد دستاویزات کی تصدیق کی گئی۔
آن لائن بھی 25 ہزار پوسٹائل اور 18 ہزار جنرل درخواستیں تصدیق کی گئیں۔
احتشام الحق نے بتایا کہ آفس میں شہریوں کے لیے ایئرکنڈیشنڈ ہال، پارکنگ، پانی، سکیورٹی، شیڈز، اور کوریئر سروس جیسی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
دفتر میں ٹوکن کا وقت صبح 8:30 سے 11:30 بجے تک ہے، اس لیے دور دراز سے آنیوالے شہریوں کو وقت پر پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر عملہ بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ اسلام آباد اور لاہور جانے کی بجائے اب جہلم، منڈی بہاؤالدین، کھاریاں، میرپور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے لوگ بھی گجرات میں ہی سہولت حاصل کر رہے ہیں۔