Metro53 - لاہور کے ایئرپورٹ روڈ پر پٹرول پمپ ملازمین پر مبینہ تشدد اور رائفل لہرا کر دھمکیاں دینے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ مقدمہ ساؤتھ کینٹ تھانے میں پٹرول پمپ انتظامیہ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق واقعہ 6 ستمبر کی صبح تقریباً 5 بج کر 10 منٹ پر پیش آیا۔ ایک شخص گاڑی سے اتر کر پٹرول پمپ پر پیشاب کرنے کی کوشش کر رہا تھا، جسے ملازمین نے روک دیا۔ اس دوران تلخ کلامی ہوئی اور معاملہ مبینہ طور پر ہاتھا پائی تک جا پہنچا۔
مقدمے کے متن کے مطابق ایک ملزم واپس گاڑی کے پاس گیا اور وہاں سے رائفل نکال کر اسے لوڈ کیا، جس کے بعد پٹرول پمپ کے ایک ملازم کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ معاملہ ختم کرانے کی کوشش کرنے والے سیکیورٹی گارڈ کو بھی مبینہ طور پر دھمکایا گیا۔
واقعے کی تمام کارروائی پٹرول پمپ پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں محفوظ ہوگئی، جس کی ویڈیو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
پولیس نے واقعے میں ملوث 3 نامعلوم افراد کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 506-B کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی کوشش جاری ہے اور انہیں گرفتار کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔