Metro53 - گجرات (مرزا عادل) گجرات میں صوبائی وزیر چودھری شافع حسین نے سیلاب متاثرین کے لیے راشن تقسیم کرنے والے سماجی کارکن ابراہیم کے انتقال پر ان کے گھر کا دورہ کیا۔
وزیر نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور ابراہیم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔صوبائی وزیر چودھری شافع حسین نے ابراہیم کے بچے کو گود میں لے کر شفقت کا اظہار کیا اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا،ابراہیم جیسے نوجوان ہماری قوم کا فخر ہیں۔
حکومت ہر قدم پر متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے متاثرہ خاندان کو ہر ممکن تعاون اور امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ مزید برآں، صوبائی وزیر نے علاقے میں جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کوئی بھی متاثرہ فرد مدد سے محروم نہ رہے۔