Metro53 - لاہور،گجرات (ویب ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین سے چین کے صوبہ ہونان کے شہر لاؤڈی کے ڈپٹی میئر یانگ وائے کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے سرکاری و نجی کاروباری وفد نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں پاک چین دوستی، معاشی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین، مقامی صنعتکاروں اور دیگر متعلقہ شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر گزشتہ روز گجرات اور لاؤڈی سٹی کے درمیان طے پانے والے سسٹر سٹی معاہدے پر پیش رفت اور اس پر جلد عملدرآمد کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ چین پاکستان کا مخلص، قابلِ اعتماد اور آزمودہ دوست ہے، جو ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ ہو یا امن، سیلاب ہو، زلزلہ یا کوئی اور قدرتی آفت، چین نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ہمیشہ اہم بین الاقوامی معاملات پر یکساں مؤقف اختیار کیا ہے اور چین کی تیز رفتار ترقی پاکستان کے لیے ایک بہترین ماڈل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کی ٹیکنالوجی اور ترقیاتی تجربات سے استفادہ کرکے پاکستان بھی معاشی ترقی کی نئی منازل طے کر سکتا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ گجرات اور لاؤڈی سٹی کے درمیان سسٹر سٹی معاہدہ خوش آئند اقدام ہے، جس پر مؤثر عملدرآمد سے دونوں شہروں کے عوام کو روزگار، تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔
چینی وفد کے سربراہ اور لاؤڈی سٹی کے ڈپٹی میئر یانگ وائے نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین نے پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور اقتصادی تعاون مزید مضبوط ہوگا اور سسٹر سٹی معاہدے پر تیزی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے وفد کو پنجاب میں چینی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ معاہدے کے تحت چینی کمپنیاں گجرات میں سرمایہ کاری کریں گی، جس سے صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور مقامی افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چینی سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرینہ دوستی کا مظہر ہے، جبکہ مقامی صنعتکار بھی اس تعاون سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے پاک چین معاشی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔