Metro53 - گجرات ( ویب ڈیسک )جماعت اسلامی نارتھ پنجاب کے امیر، صدر الخدمت و ملی یکجہتی کونسل نارتھ پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں 2 حکمران جماعتوں کے مابین انتخابات کے نام پر نورا کشتی کروائی گئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ کے دورے کے بعد وطن روانگی سے قبل روزنامہ جنگ اور جیو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کا انتخابات پر اعتماد بحال کرنے کے لیے غیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنائیں، جسے عوام منتخب کریں اسے اقتدار سونپ دیا جائے۔
ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ عوام خود ہی اس طرح احتساب کر لیں گے، اس وقت پاکستان نازک ترین دور سے گزر رہا ہے، کشمیر، گلگت بلتستان، کے پی کے اور پنجاب کے علاوہ سندھ اور بلوچستان میں عوام کی رائے کا احترام کیا جائے وگرنہ ہم مشرقی پاکستان میں عوامی رائے بلڈوز کرنے کا نتیجہ بھگت چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست ماں کا درجہ رکھتی ہے جو آگ کو مزید بھڑکنے سے روکے، سوشل میڈیا کے دور میں پاکستانی سیاست ایک نئی انگڑائی لے رہی ہے، جلسے جلوسوں پر پابندی اور اظہار رائے پر قدغن لگا کر من مرضی کے نتائج مسلط کیے جا سکتے ہیں مگر عوامی نفرت کے سمندر کو ہرگز نہیں روکا جا سکتا۔
ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا راز غیر جانبدارانہ انتخابات کے نتیجے میں ہیں، جماعت اسلامی ایک سیاسی جماعت ہے جو دنیا کے ہر ملک میں موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان، بلوچستان، کے پی کے اور کشمیر اس وقت حالت جنگ میں ہے جہاں غیر ملکی مداخلت روز بروز بڑھ رہی ہے، حکمران پانی سر سے گزرنے سے قبل ہوش کے ناخن لیں۔