Metro53 - مظفرگڑھ (ویب ڈیسک) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جھنگ روڈ اور ملتان روڈ پر کارروائیاں کرتے ہوئے جانوروں کی چربی سے تیار کردہ مضرِ صحت آئل اور غیر معیاری دودھ کی بڑی کھیپ پکڑ کر تلف کر دی۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق جھنگ روڈ پر کارروائی کے دوران جانوروں کی چربی سے تیار شدہ آئل لے جانے والے ایک ٹینکر کو تحویل میں لیا گیا۔ لیبارٹری ٹیسٹ میں آئل انسانی صحت کے لیے مضر قرار پانے پر 15 ہزار لٹر آئل تلف کر دیا گیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے بتایا کہ ملتان روڈ پر ناکہ بندی کے دوران 2 ہزار لٹر غیر معیاری دودھ کی سپلائی بھی ناکام بنا دی گئی۔ موقع پر کیے گئے ٹیسٹوں میں دودھ میں قدرتی فیٹ اور غذائیت کی مطلوبہ مقدار سے کمی پائی گئی، جس کے بعد دودھ کو بھی تلف کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی "ماحول دوست پالیسی" کے تحت ضبط شدہ آئل اور دودھ کو مقررہ ڈمپنگ سائٹ پر تلف کیا گیا تاکہ ماحول اور انسانی صحت کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔
سید موسیٰ رضا نے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ غیر تصدیق شدہ کھلے آئل، مصالحہ جات اور دیگر اشیائے خورونوش کے استعمال سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق کھلی اشیائے خورونوش کی فروخت پر مکمل پابندی عائد ہے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کو محفوظ و معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔