Metro53 - جہلم (ویب ڈیسک ) جہلم پولیس نے دوران اسنیپ چیکنگ راولپنڈی کے تھانہ ٹیکسلا میں درج اغواء مقدمہ کی مغویہ کو بازیاب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ سٹی اور ان کی ٹیم نے دوران اسنیپ چیکنگ مشکوک افراد کی چیکنگ کے دوران ایک مغویہ کو بازیاب کیا۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مغویہ کے اغواء کا مقدمہ ضلع راولپنڈی کے تھانہ ٹیکسلا میں درج تھا۔ جہلم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مغویہ کو بحفاظت اپنی تحویل میں لے لیا اور متعلقہ تھانے سے رابطہ قائم کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ مغویہ کو متعلقہ حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے سدباب کے لیے جہلم پولیس ہمہ وقت متحرک ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔