Metro53 - لاہور ( ویب ڈیسک) پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ کے زیرِاہتمام معرکہ حق فتح کو ایک سال مکمل ہونے پر معرکہ حق تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور نمائش کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر چیئر مین دی یونیورسٹی آف لاہو ر اویس رؤف، چیئر مین پی ایف یو سی فرخ شہباز وڑائچ، تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات،سینئر صحافی سلمان غنی،چئیرمین ارار گروپ ہمایوں سرور، سی ای او چیزئس عمران اعجاز، چیئرمین چلتن گروپ نجم مزاری، شمائلہ رانا، عظمی کاردار، حسن مرتضی، سینئرصحافی نجم ولی خان، سینئر صحافی ایثار رانا، صفدر علی خان ،جواد احمد چئیرمین برابری پارٹی، اداکار راشد محمود ، بریگیڈیئر نادر میر،بریگیڈئیر ر سید غضنفر علی، عبد المجید ساجد سمیت سول سوسائٹی طلباء و طالبات سمیت عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
اس تصویری نمائش میں طلبہ و طالبات نے پاک بھارت جنگ کے دوران تاریخ ساز لمحوں کو تصویری شکل دیکر مسلح افواج ، حکومت پاکستان اور عوام کو خراجِ تحسین پیش کیا۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان، رانا سکندر حیات اور دیگر مہمانوں نے تمام پینٹگز دیکھیں اور فنکاروں کا حوصلہ بڑھایا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں ، رانا سکندر حیات اور دیگر نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگویج، آرٹ اینڈ کلچرپلاک میں منعقدہ تصویری نمائش کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری پاکستانی قوم مبارکباد کی مستحق ہے کیونکہ معرکۂ حق نے دنیا کے سامنے ثابت کر دیا کہ پاکستان ایک مضبوط، خودمختار اور ناقابلِ تسخیر ریاست ہے۔
انہوں نے کہا کہ 10 مئی پاکستان کی تاریخ کا ایک یادگار دن ہے جب پاکستان اقوامِ عالم میں ایک باوقار اور طاقتور ملک کے طور پر ابھرا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، افواجِ پاکستان، پاکستانی ذرائع ابلاغ اور پوری قوم کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دنیا نے پاکستان کے موقف کو تسلیم کیا جبکہ بھارت اپنے الزامات کے حق میں ایک سال گزرنے کے باوجود کوئی ثبوت پیش نہ کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک سے ترکیہ تک پاکستان کا مقدمہ شاندار انداز میں پیش کیا اور عالمی برادری نے پاکستان کے موقف کو پذیرائی دی۔
ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاکستانی قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح اپنی قیادت کے ساتھ کھڑی رہی جبکہ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مؤثر مؤقف نے قوم کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جدید برقی دفاعی صلاحیت نے بھارتی ڈرونز، ریڈار اور انتہائی تشہیر شدہ ایس-400 فضائی دفاعی نظام کو مفلوج کر دیا اور بھارت کے جدید ترین جنگی طیارے اور فضائی دفاعی نظام بھی پاکستان کی عسکری مہارت کے سامنے بے بس نظر آئے۔پاک فضائیہ نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے ثابت کیا کہ وطنِ عزیز کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہاتھوں میں ہے۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اگر بھارت نے دوبارہ کسی جارحیت کی کوشش کی تو اسے پہلے سے زیادہ مؤثر اور سخت جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور افواجِ پاکستان کے ساتھ متحد ہے اور پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضی نے تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ پاکستان ناقابل تسخیر ہے ہماری فوج نے یہ ثابت کیا ہے ۔ بھارت جس خوش فہمی میں تھا اب اسکی عقل ٹھکانے آچکی ۔پاکستان میں معرکہ حق میں اپنے 11گنا بڑے ملک کو اسکی اوقات یاد رکروا دی ۔تقریب کے حوالے سے چیئرمین پی ایف یو سی فرخ شہباز وڑائچ کا کہنا تھا کہ یقیناً یہ لمحات قابلِ فخر ہیں پاکستانی قوم اس عظیم الشان فتح کے بعد ایک نئی پہچان کے ساتھ دنیا میں ابھری ہے۔ پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر نہ صرف پزیرائی ہوئی ہے بلکہ پاکستان دنیا میں امن کا ضامن بن کر سامنے آیا ہے۔
امریکہ جیسا ملک پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات بنانے کی خواہش رکھتا ہے جبکہ اس سے قبل پاکستان کو اہمیت نہیں دی جاتی تھی ۔ تقریب کی آرگنائزنگ کمیٹی میں محمد نور الہدیٰ ،ساجد خان،فرید رزاقی ، وقار اسلم فرحان خان،سعدیہ خالد،اظہرتھراج، عبد الماجد ملک ، عمران احمد کاڈیہ، رضوان اللہ خان اور سعدیہ خالد سمیت دیگر افرادشامل تھے۔