Metro53 - گجرات )ویب ڈیسک) خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے انسپکشن مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ یہ کارروائیاں ڈپٹی ڈائریکٹر رضوان سعید کی ہدایات پر عمل میں لائی جا رہی ہیں۔
حکام کے مطابق ضلع بھر میں مجموعی طور پر 221 انسپکشنز کی گئیں، جن کے دوران مختلف خلاف ورزیوں پر 110 امپروومنٹ نوٹسز جاری کیے گئے۔ مزید برآں 20 فوڈ بزنسز پر جرمانے عائد کیے گئے، جن کی مجموعی رقم 1 لاکھ 95 ہزار روپے بنتی ہے۔
انسپکشن کے دوران 20 فوڈ سیمپلز بھی حاصل کیے گئے تاکہ ان کا لیبارٹری تجزیہ کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ 3.59 کلوگرام زائد المیعاد اور ممنوعہ اشیائے خورونوش کو تلف کیا گیا، جبکہ 10 لیٹر استعمال شدہ غیر معیاری آئل بھی ضائع کر دیا گیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے ایسی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔