Metro53 - جہلم ( ویب ڈیسک )پنڈدادنخان کے رہائشی کوئٹہ میں شہید ہونے والے پنڈدادنخان کے بہادر سپوت ایف سی کے جوان کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے نواحی گاؤں کندوال سے تعلق رکھنے والے فرنٹیئر کور کے جوان شہید محمد فیصل ریاض کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں میں ادا کی گئی، جس میں اعلیٰ فوجی افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
نماز جنازہ کے بعد شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ شہید کو سلامی دی گئی اور قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔
محمد فیصل ریاض کوئٹہ میں دورانِ ڈیوٹی وطنِ عزیز پر قربان ہوئے۔ شہید کی میت جونہی آبائی گاؤں پہنچی تو فضا سوگوار ہو گئی اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔ نمازِ جنازہ میں شریک افراد نے شہید کی عظیم قربانی کو سلام پیش کیا۔
شہید محمد فیصل چار بہنوں کے اکلوتے بھائی تھے اور ان کی شادی محض پانچ ماہ قبل ہوئی تھی، جبکہ وہ اپنے گھر کے واحد کفیل بھی تھے۔ ان کے والد پہلے ہی انتقال کر چکے تھے اور گھر کی تمام ذمہ داریاں انہی کے کندھوں پر تھیں۔
کندوال گاؤں ضلع جہلم میں سب سے زیادہ شہداء دینے والے علاقوں میں شمار ہوتا ہے اور یہاں کے باسیوں کی وطن کے لیے قربانیاں ایک روشن روایت کی حیثیت رکھتی ہیں۔ شہید محمد فیصل کی شہادت بھی اسی عظیم سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
شہریوں نے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔